نئی دہلی،12؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی نے جمعرات کو پنجاب اور گوا کے لیے امیدواروں کی پہلی لسٹ جاری کر دی ہے ۔بی جے پی نے پنجاب کے لیے 17جبکہ گوا کے لیے 29امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔پنجاب میں پارٹی شرومنی اکالی دل کے ساتھ اتحاد میں 23سیٹوں پر انتخاب لڑ رہی ہے، یہاں کل 117اسمبلی سیٹیں ہیں۔.میڈیا رپورٹس کے مطابق، پنجاب کے لیے جن 17امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی ہے، ان میں موجودہ وزراء کے نام نہیں ہیں، ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آنے والی فہرست میں بی جے پی کے موجودہ چار وزراء کو جگہ ملتی ہے یا نہیں۔پنجاب میں صرف 5 جبکہ گوا میں 18موجودہ ایم ایل اے کو موقع دیا گیا ہے، وہیں، امرتسر لوک سبھا سیٹ پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے بھی بی جے پی نے اپنے امیدوارکا اعلان کیا ہے، راجندر موہن چینا کو یہاں سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔کیپٹن امرندر سنگھ کے استعفی دینے کے بعد یہ سیٹ خالی ہو گئی تھی۔کیپٹن نے یہاں بی جے پی کے ارون جیٹلی کو شکست دی تھی۔وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر امت شاہ سمیت سینئر پارٹی لیڈروں نے اس لسٹ کو فائنل کرنے کے لیے بدھ کو میٹنگ کی تھی۔دونوں ریاستوں میں 4 ؍فروری کو ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہونے ہیں۔گوا کی 40رکنی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی زیادہ تر سیٹوں پر الیکشن لڑے گی اور کچھ سیٹیں دیگر اتحادی جماعتوں کے لیے چھوڑی جا سکتی ہیں۔میٹنگ کے بعد ذرائع نے بتایا کہ کچھ سیٹوں کے لیے اورصلاح ومشورہ کی ضرورت تھی، جس سے ان دونوں ریاستوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے ناموں کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔